بلیا (یوپی)،21 /اکتوبر(آئی این ایس انڈیا) اتر پردیش کے بلیا ضلع کی ایک عدالت نے 16سالہ لڑکی کے اغوا اور عصمت دری کے تین سال پرانے معاملے کے ملزم ایک شخص کو عمر قید اور دو دیگر کو 10-10 سال کی سخت قید کی سزا سنائی ہے۔
پولیس سپرنٹنڈنٹ دیویندر ناتھ نے بدھ کے روز بتایا کہ بیریا تھانہ علاقہ کے ایک گاؤں کی رہائشی 16 سالہ لڑکی کو 18 جون 2017 کو اغوا کیا گیا تھا۔ تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ میرا دیوی نامی خاتون نے اپنے شوہر سری بھگوان عرف بلر کی مدد سے بچی کو اغوا کیا اور پھر اسے بہار کے ضلع سرن سے تعلق رکھنے والے راجیش رائے نامی شخص کو فروخت کردیا۔
انہوں نے بتایا کہ راجیش نے لڑکی کو چھتیس گڑھ لے جاکر اس کے ساتھ عصمت دری کی۔ دونوں فریقین کی سماعت کے بعد اسپیشل جج (پاکسو) شیو کمار نے راجیش رائے کو عمر قید اور 55 ہزارروپے جرمانے کی سزا سنائی۔ عدالت نے سری بھگوان اور ان کی اہلیہ میرا دیوی کو -10 10 سال سخت قید اور 15000 روپے جرمانے کی سزا سنائی۔